کینیڈا کا بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ پر سکھ رہنماؤں کے قتل کی سازش کا الزام
تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے نائب وزیر خارجہ ڈیوڈ موریسن نے کینیڈا کی قومی سلامتی کمیٹی میں بھارتی سازش بے نقاب کردی۔
ڈیوڈ موریسن نے کہا کہ بھارتی وزیرداخلہ امِیت شاہ سکھوں کونشانہ بنانےمیں ملوث ہیں، انھوں نے کینیڈین شہریوں کیخلاف انٹیلی جنس آپریشن کا حکم دیا۔
چند روز قبل امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے کینیڈا کے نائب وزیر خارجہ ڈیوڈ موریسن کے حوالے سے خبر دی تھی کہ امیت شاہ کینیڈا میں سکھ رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے لیے تشدد اور دھمکیوں کی مہم کے پیچھے ہیں۔
کینیڈا کے نائب وزیر خارجہ ڈیوڈ موریسن نے پارلیمانی پینل کو بتایا کہ انہوں نے امریکی اخبار کو تصدیق کی تھی کہ اس سازش کے پیچھے بھارتی وزیر داخلہ کا ہاتھ تھا۔
قومی سلامتی کی مشیر نتھالی ڈروئن نے بھی کمیٹی کو بتایا کہ کینیڈامیں بھارتی سفارت کاروں نے بھارتی اور کینیڈین شہریوں کے بارے میں انٹیلی جنس اکٹھی کیں اوراسے نئی دہلی تک پہنچایا۔
سکھ فارجسٹس تنظیم کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر داخلہ پُرتشدد کارروائیاں امریکا اور کینیڈا کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ ہم بھارتی دہشت گردی کے سامنے خاموش نہیں رہیں گے۔
امریکا نے بھی سکھ رہنماؤں کےقتل کی منصوبہ بندی میں سابق بھارتی سفیر پر قتل کیلئے رقم دینے کا الزام عائد کیا ہے، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے مودی حکومت پر زور دیا ہےکہ وہ معاملے پر تحقیقات کرے اور ملزمان کا احتساب کرے۔
بھارتی حکومت نے کینیڈا کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔