کشمیری آج بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں
سرینگر:کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں تاکہ اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ حق خود ارادیت سے نئی دہلی کے مسلسل انکار کو اجاگر کیا جا سکے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے اس دن کے موقع پر احتجاجی مظاہروں اورریلیوں کی کال دی ہے۔آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر کے بڑے شہروں میں بھارت مخالف ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ان مظاہروں کا مقصد عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا غاصب ہونے کے ناطے بھارت متنازعہ علاقے میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا اخلاقی اور قانونی جواز نہیں رکھتا۔
دریں اثناء سرینگر سمیت مقبوضہ جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کی مذمت کی گئی ہے اور اقوام متحدہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں رائے شماری کا اپنا وعدہ پورا کرے۔
حریت پسند تنظیموں کی جانب سے چسپاں کیے گئے پوسٹروں میں” بھارتی یوم جمہوریہ کشمیریوں کے لیے یوم سیاہ ہے” اور” اقوام متحدہ کو کشمیریوں کو انصاف دلانے کے لیے کام کرنا چاہیے” جیسے نعرے درج ہیں۔جیل میں نظر بند حریت رہنمائوں کی تصاویر والے پوسٹروں میں بھارتی قبضے کے تحت علاقے کے لوگوں کو درپیش مظالم اور جبر کواجاگرکیاگیا ہے۔
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں