بھارت میں ہندوتوا تنظیموں کی مغل بادشاہ اورنگ زیب کے مزارپر حملے کی دھمکیاں
اورنگ آباد: بھارت میں گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی فلم”چھاوا”کے بعد مسلمانوں بالخصوص مغل بادشاہ اورنگ زیب کے خلاف ہندو انتہاپسندوں کی مہم نے شدت اختیار کر لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انتہا پسند ہندو تنظیموں کے رہنمائوں نے خلد آباد میں واقع اورنگ زیب کے مزار کے خلاف اشتعال انگیز زبان استعمال کی اور بعض نے حملے کی دھمکیاں دیں۔
پولیس نے ممکنہ خطرے کے پیش نظر مزار کے اطراف سخت سیکیورٹی تعینات کر دی ہے۔ اورنگ زیب کی قبر خلد آباد میں حضرت زین الدین چشتی کے مزار کے احاطے میں واقع ہے اور حالیہ دنوں میں یہ مقام سیاسی بیانات اور دیگر معاملات کے باعث مرکز نگاہ بن گیا ہے۔
ریاست مہاراشٹرا کی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں بھی یہ معاملہ زیر بحث آیا، جہاں حکمراں اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا۔
مقامی انتظامیہ اور محکمہ آثار قدیمہ نے مزار کے ارد گرد اضافی فورس تعینات کر دی ہے جو ہر آنے والے زائر اور سیاح پر کڑی نظر رکھ رہی ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اس مقام پر ویڈیو شوٹنگ اور فوٹو گرافی پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔ تاہم تنازعے کے باعث بھارت بھر سے مختلف نیوز چینلز اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندے خلد آباد پہنچ چکے ہیں اور حالات کی مسلسل رپورٹنگ کر رہے ہیں۔
یہ اہم ویڈیو بھی دیکھیں